اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی معلوم ہے کہ پوری دنیا اس وقت معاشی بحران سے گزر رہی ہے، لیکن موجودہ حکومت عوام کے مسائل کم کرنے کے بجائے ان میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر نہیں آئی بلکہ مسلط کی گئی ہے، اسی لیے عوامی مشکلات کا احساس بھی نہیں رکھتی۔ جنید اکبر کا کہنا تھا کہ اس سے زیادہ برے حالات کورونا کے دوران تھے، لیکن اس وقت کی حکومت عوامی مینڈیٹ کے ساتھ آئی تھی اور اس نے اخراجات کم کرکے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ بتایا جائے کس تناسب سے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، اور اگر عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے تو حکومت خود اپنے اخراجات کیوں کم نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انتیس دن کا پٹرول پہلے سے موجود تھا تو پھر قیمت بڑھانے کی کیا ضرورت تھی۔
جنید اکبر نے مزید کہا کہ ایران سے پٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ بھی ایک حقیقت ہے، جس پر حکومت کو توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ جن لوگوں کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے وہ اب ہمیں یہ بتا رہے ہیں کہ کیا کرنا چاہیے، حالانکہ اصل مسئلہ خود ان کی پالیسیوں میں ہے۔
مزید پڑھیں : پنجاب بھر کے تمام تھانوں میں بائیومیٹرک سسٹم نافذ کرنے کا اہم فیصلہ















