اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک کے رہنماء عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ملک معاشی تباہی کے دہانے پہنچ چکا ہے،شہباز زرداری حکومت روئے پٹے یا چیخے عمران خان دونوں صوبائی اسمبلیاں توڑ دیں گے۔ اتوار کو مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہےکہ عمران خان کے صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کے بعد پی ڈی ایم ٹولے کے اوسان خطا ہوچکے ہیں، سب جماعتیں محلاتی سازشوں کی پیداوار ہیں،اس پورے ٹولے کی انتخابات سے کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 13جماعتی کرپٹ ٹولے کا پہلی مرتبہ عوامی حمایت کے حامل لیڈر عمران خان سے پالا پڑا ہے، پہلی مرتبہ عمران خان نے پی ڈی ایم ٹولے کی باری باری کے اقتدار کے کھیل کا پردہ فاش کیا ہے۔پی ڈی ایم میں تھوڑی سی بھی جمہوریت کی بھنک ہوتی تو یہ اگر مگر، چوں چراں کے بغیر انتخابی میدان میں اتر جاتی، عمران خان آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں،شہباز زرداری حکومت روئے پٹے یا چیخے عمران خان دونوں صوبائی اسمبلیاں توڑ دیں گے، فوری صاف شفاف انتخابات ملک و قوم کی ضرورت ہے۔