اسلام آباد ( اے بی این نیوز )جیٹ فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات اب ہوابازی کے شعبے پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، قومی ایئرلائن نے اخراجات میں اضافے کے پیش نظر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات کو دی جانے والی تمام رعایتیں عارضی طور پر ختم کر دی ہیں۔ اس فیصلے کے بعد طلبہ، بزرگ شہریوں اور صحافیوں سمیت متعدد کیٹیگریز کے لیے دستیاب کرایوں میں دی جانے والی چھوٹ ختم ہو گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ اقدام موجودہ مالی دباؤ کو کم کرنے اور آپریشنل اخراجات کو متوازن رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ اس پالیسی کا اطلاق بینک ملازمین، ریٹائرڈ فوجی افسران اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں پر بھی ہوگا۔ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر متعلقہ عملے کو نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ یکساں طور پر اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جب تک ایندھن کی قیمتیں مستحکم نہیں ہوتیں، اس وقت تک رعایتی ٹکٹوں کی سہولت معطل رہے گی۔ اس فیصلے کے بعد فضائی سفر کے خواہشمند افراد کو زیادہ کرایوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر بھی مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے، کچھ صارفین اسے مجبوری قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر نے مہنگائی کے دباؤ پر تشویش ظاہر کی ہے۔
مزید پڑھیں :ایک اور بڑے صوبے میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن شروع،جا نئے مارکیٹیں بند ہو نے کے اوقات















