پشاور ( اے بی این نیوز ) بلوچستان کے بعد خیبر پختونخوا میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور توانائی بچت اقدامات کے پیش نظر صوبائی حکومت نے مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اوقات کار محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت تمام اضلاع میں نئے شیڈول کا باقاعدہ نفاذ 6 اپریل 2026 سے ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد بجلی کے استعمال میں کمی لانا اور بڑھتے اخراجات کو کنٹرول کرنا بتایا جا رہا ہے۔
جاری احکامات کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں واقع مارکیٹیں اور شاپنگ پلازے رات 9 بجے بند ہوں گے جبکہ دیگر اضلاع میں تمام مارکیٹیں رات 8 بجے تک بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریسٹورنٹس اور کیفے کو رات 10 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم ہوم ڈیلیوری سروس بدستور جاری رہے گی۔
حکومتی ہدایات میں یہ بھی شامل ہے کہ شادی ہالز اور ایونٹ ہالز میں تقریبات رات 10 بجے تک مکمل کرنا لازم ہوگا، جبکہ غیر ضروری لائٹس، فلڈ لائٹس اور ڈیکوریشن لائٹنگ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ توانائی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ اسی طرح بل بورڈز اور ایل ای ڈی اسکرینز کو دکانیں بند ہونے کے بعد بند رکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید برآں غیر ضروری تجارتی سرگرمیوں میں جنریٹرز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ہسپتال، فارمیسی، پٹرول پمپ اور تندور کو اس پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے تاکہ عوامی سہولیات متاثر نہ ہوں۔ چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں :بحری جہاز سمند رمیں ڈوب گیا،جا نئے کس ملک کا تھا اور کتنا نقصان ہوا















