اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر مشکل حالات میں عوام سے مخاطب ہیں، کیونکہ عالمی سطح پر جاری جنگی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور اس کے اثرات پاکستان پر بھی براہ راست پڑ رہے ہیں۔وزیر اعظم کا پٹرول 80روپے فی لٹر سستا کر نے کا اعلان.اگلے ایک ماہ کیلئےپٹرول کی قیمت برقراررہےگی،
وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی بڑی معیشتوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق مہنگائی کے اس طوفان نے عالمی سطح پر اقتصادی دباؤ بڑھا دیا ہے، جس سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھرپور کوشش کی کہ پچھلے تین ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کیا جائے۔ اس مقصد کیلئے محدود قومی وسائل کے باوجود 129 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی تاکہ عوام کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے قومی وسائل کو ترجیحی بنیادوں پر عوام کی فلاح کیلئے استعمال کیا، تاہم اب حالات ایسے ہو چکے ہیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے اثرات سے مکمل طور پر بچنا ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے خاص طور پر کسانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث زرعی شعبہ شدید متاثر ہو رہا ہے، جس سے کاشتکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت اس شعبے کو سہارا دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ عام آدمی کن مشکلات میں زندگی گزار رہا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ مہنگائی کے اثرات کو کم سے کم رکھا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔
خطاب کے دوران انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام عالمی سطح پر جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں تاکہ توانائی بحران کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور صبر کی ضرورت ہے، اور حکومت عوام کے ساتھ مل کر اس مشکل وقت سے نکلنے کیلئے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں :زلزلہ کے بعد نئی اپ ڈیٹ،جا نئے زمین کے نیچے کیا انہونا ہو نے جا رہا ہے،آفٹر شاکس کے وقت کیا کیا جا ئے















