کیف ( اےبی این نیوز ) یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے تناظر میں عالمی برادری کو تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کو سمندری دفاع اور بحری ٹریفک بحال کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے، جسے اس اہم عالمی گزرگاہ کو فعال رکھنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں موجودہ صورتحال نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی توانائی سپلائی اور سیکیورٹی کو متاثر کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت کا بڑا دارومدار اسی بحری راستے پر ہے، جہاں سے تیل اور گیس کی بڑی مقدار دنیا کے مختلف ممالک تک پہنچتی ہے۔
زیلنسکی نے زور دیا کہ یوکرین نے جنگی حالات میں اپنی بندرگاہوں اور بحری راستوں کو فعال رکھنے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائی، جس کی بدولت عالمی سطح پر غذائی اور تجارتی سپلائی چین کو برقرار رکھنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ اسی تجربے کو بروئے کار لا کر آبنائے ہرمز میں بھی بحری نقل و حمل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے عالمی طاقتوں اور متعلقہ ممالک سے اپیل کی کہ وہ مل کر اس اہم سمندری راستے کو کھلا رکھنے کیلئے اقدامات کریں تاکہ توانائی بحران اور معاشی دباؤ کو کم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی رکاوٹ یا بندش کے اثرات پوری دنیا کی معیشت پر مرتب ہو سکتے ہیں۔















