بنوں ( اے بی این نیوز )خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے تھانہ ڈومیل پر خودکش حملے کی تازہ تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی تھانے کے عقب میں لا کر دھماکے سے اڑا دی، تاہم بروقت کارروائی کے باعث تھانے پر بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ بدقسمتی سے دھماکے کا رخ قریبی سول آبادی کی طرف ہو گیا جس کے نتیجے میں 5 معصوم شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
شہدا میں 3 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں چند پولیس اہلکار بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ قریبی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا اور کئی مکانات کا ملبہ گر گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر علاقے کے امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں، تاہم نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور دہشت گرد عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی بنوں کے ڈومیل پولیس اسٹیشن پر خودکش حملے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کرنا اولین ترجیح ہے۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔ اس واقعے کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی صورتحال پر تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی عوام کی جانب سے شہدا کے لیے دعاؤں اور دہشت گردی کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ًمزید پڑھیں :راولپنڈی،اسلام آباد میں تند و تیز بارش، گرج چمک اور ژالہ باری ،اندھیرا چھا گیا















