اسلام آباد (اے بی این نیو ز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کو ریلیف دینے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔وزیر خزانہ کے مطابق موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں کو ہر ماہ 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی، تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو براہ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے ڈیزل پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی، جبکہ ٹرک اور گڈز ٹرانسپورٹرز کو ڈیزل پر 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات کو قابو میں رکھا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے مزید اعلان کیا کہ کسانوں کو بھی ریلیف دیتے ہوئے فی ایکڑ 1500 روپے سبسڈی دی جائے گی، جس کا مقصد زرعی شعبے کو سہارا دینا اور پیداوار کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اب سب کیلئے سبسڈی دینے کے بجائے ٹارگٹڈ سبسڈی کی طرف جا رہی ہے تاکہ مستحق طبقے کو براہ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔ تاہم موٹر سائیکل صارفین کو سبسڈی کیسے دی جائے گی، اس حوالے سے تاحال کوئی واضح لائحہ عمل سامنے نہیں آیا۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ موجودہ عالمی حالات اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عام آدمی کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کیلئے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :پٹرول کی فی لیٹر قیمت 458 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر مقرر















