اہم خبریں

4 اپریل تک سیلاب کا خدشہ، ندی نالوں میں بھی طغیانی کے امکانات، الرٹ جاری

پشاور (اے بی این نیوز     )خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کا خطرہ بڑھ گیا ہے جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق چار اپریل تک مختلف علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

خصوصی طور پر نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ اس دریا سے منسلک ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر پشاور، چارسدہ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت متعدد اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیاحوں اور مقامی آبادی کو مسلسل صورتحال سے آگاہ رکھا جا رہا ہے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تلقین کی گئی ہے۔ ممکنہ خطرے کے پیش نظر نشیبی علاقوں سے بروقت انخلا کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ عملے اور مشینری کو فوری استعمال کے لیے تیار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مویشی پال افراد کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں تاکہ مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متاثرین کو فوری ریلیف اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں۔

مزید پڑھیں :شاندار علاج مفت سب کا،خرچ مریم سرکار کا ،جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں