اسلام آباد (اے بی این نیوز )کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے صارفین کو گمراہ کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے “آئس کریم کیس” میں دو بڑی کمپنیوں سے مجموعی طور پر 3 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ وصول کر لیا ہے۔ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب فروزن ڈیزرٹ مصنوعات کو آئس کریم کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا۔
اس معاملے میں یونی لیور پاکستان اور فریزر لینڈ کیمپینا اینگرو کو گمراہ کن اشتہارات پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق یہ عمل کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 10 کی خلاف ورزی ہے، جس کے تحت صارفین کو غلط معلومات فراہم کرنا جرم ہے۔
اپیلیٹ ٹریبونل نے بھی کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے واضح کیا کہ فروزن ڈیزرٹ کو آئس کریم کے طور پر بیچنا گمراہ کن مارکیٹنگ ہے۔ اس فیصلے کے بعد کمپنیوں کو نہ صرف جرمانہ ادا کرنا پڑا بلکہ اپنی مارکیٹنگ حکمت عملی میں بھی تبدیلی لانا ہوگی۔
کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے ہدایت جاری کی ہے کہ آئندہ ایسی مصنوعات کو واضح طور پر “فروزن ڈیزرٹ” کے طور پر ہی پیش کیا جائے اور کسی بھی اشتہار میں صارفین کو دھوکہ نہ دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی گمراہ کن اشتہارات واپس لینے اور درست معلومات فراہم کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :جنگ بندی کیلئے امریکہ نے نئی شرائط پیش کر دیں،جا نئےکیا















