لاہور ( اے بی این نیوز )لاہور کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، تاہم کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث دن کے اوقات میں بھی اندھیرا چھا گیا اور ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی جہاں 35 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ جوہر ٹاؤن میں 29.4 ملی میٹر جبکہ گلبرگ میں 11.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث کئی سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔
دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جیل روڈ پر 5 ملی میٹر، سمن آباد میں 4 ملی میٹر اور اقبال ٹاؤن میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح گلشن راوی اور پانی والا تالاب میں 2.4 ملی میٹر جبکہ سگیاں کے علاقے میں 1.4 ملی میٹر بارش نوٹ کی گئی۔
بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات سامنے آئیں جبکہ کئی سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے تاکہ ایسے مواقع پر مشکلات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب موسم کی تبدیلی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور ٹھنڈی ہواؤں نے ماحول کو خوشگوار بنا دیا، جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور بارش, موسمی صورتحال, طوفانی بارش, نشتر ٹاؤن بارش, جوہر ٹاؤن اپڈیٹ, گلبرگ موسم, پاکستان موسم, شہری مسائل, نکاسی آب, تازہ ترین خبر
مزید پڑھیں :نقیب اللہ کیس،سابق ایس ایچ او امان اللہ سمیت دیگر ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم















