لاہور (اے بی این نیوز ) ملک بھر میں بچوں کو مہلک مرض سے محفوظ بنانے کے لیے ایک بار پھر بڑی قومی مہم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق سال 2026 کی دوسری انسدادِ پولیو مہم 13 سے 19 اپریل تک جاری رہے گی۔اس سات روزہ مہم کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔ اس بڑے آپریشن کے لیے تقریباً 4 لاکھ 13 ہزار پولیو ورکرز فیلڈ میں خدمات انجام دیں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد، سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد اور بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 28 ہزار اور آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو اس مہم کے تحت کور کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیو سے بچاؤ صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ایک مشترکہ قومی فریضہ ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی طور پر پولیو کے دو قطرے پلائیں تاکہ مستقبل کو اس بیماری سے محفوظ بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :ُپٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں،وزیر اعظم نے خوشخبر ی سنا دی















