لاہور ( اے بی این نیوز ) رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع کل سے شروع ہونے جا رہا ہے جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ملک بھر اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں شرکا کی آمد متوقع ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے بھرپور تیاری مکمل کر لی ہے۔رپورٹس کے مطابق اجتماع میں تقریباً 5 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے، جس کے لیے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاکہ آنے والے مہمانوں کو رہنمائی اور سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان کیمپوں پر رضاکار شرکا کی مدد کے لیے ہمہ وقت موجود ہوں گے۔
بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے لیسکو کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں اضافی جنریٹرز کی تنصیب بھی شامل ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ لوڈ شیڈنگ یا تکنیکی خرابی کی صورت میں مسائل پیدا نہ ہوں۔سیکیورٹی کے حوالے سے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے تاکہ اجتماع پُرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔
یہ اجتماع نہ صرف مذہبی حوالے سے اہمیت رکھتا ہے بلکہ سماجی ہم آہنگی اور روحانی اجتماع کا بھی بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں ہزاروں افراد دین کی تعلیمات سیکھنے اور اصلاح کے لیے شریک ہوتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی اس بڑے اجتماع سے متعلق معلومات اور تیاریوں کی جھلکیاں تیزی سے شیئر کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں :کھلا مین ہول ایک اور تین سالہ معصوم بچے کی زندگی نگل گیا















