اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے داخلوں کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے، جس سے ہزاروں امیدواروں کو مزید موقع مل گیا ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق میٹرک سے لے کر پوسٹ گریجویٹ سطح تک تمام پروگرامز کے داخلوں کی آخری تاریخ اب بڑھا کر 15 اپریل کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق میٹرک، انٹرمیڈیٹ، بی ایس، ٹیچر ٹریننگ پروگرامز، ایسوسی ایٹ ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ سمیت مختلف تعلیمی پروگرامز پر ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عید الفطر کے باعث تعطیلات اور ملک بھر کے طلبہ کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس تعلیمی موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس توسیع کے بعد وہ طلبہ بھی درخواست دے سکیں گے جو کسی وجہ سے پہلے اپلائی نہیں کر سکے تھے۔یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ داخلہ فارم اور پراسپیکٹس آن لائن دستیاب ہیں، جس سے طلبہ گھر بیٹھے آسانی سے اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی اس فیصلے کو خوب سراہا جا رہا ہے اور طلبہ ایک دوسرے کو ڈیڈ لائن یاد دلانے میں مصروف ہیں۔
مزید پڑھیں :پٹرولیم مصنوعات مہنگی؟تیل کی قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کاخدشہ















