لاہور (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منظوری کے بعد چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت دل کے مریضوں کو سرکاری اور منتخب نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
پروگرام کے تحت ابتدائی مرحلے میں پنجاب کے 9 سرکاری اور 15 نجی کارڈیک اداروں کو شامل کیا گیا ہے، جہاں عارضہ قلب کے مریضوں کے لیے جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اسی پروگرام کے تحت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پہلے مریض کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
حکومتی منصوبے کے مطابق امراض قلب کے علاج کے لیے سالانہ 3 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ اوپن ہارٹ سرجری کی ویٹنگ لسٹ کو آئندہ 6 ماہ میں ختم کیا جائے۔پروگرام کے حوالے سے عوامی رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے، جہاں مریض مخصوص اوقات میں رابطہ کر سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے واٹس ایپ سروس بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ شہری آسانی سے رہنمائی حاصل کر سکیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق اس اقدام کا مقصد دل کے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنانا اور صحت مند پنجاب کی طرف پیش رفت کو تیز کرنا ہے۔
مزید پڑھیں :امریکی زمینی فوج آئی توان کو سمندربرد کر کے مچھلیوں کی خواراک بنا دینگے، خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز















