نیویارک ( اے بی این نیوز )امریکا میں ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے دیکھنے میں آئے ہیں، جہاں مختلف شہروں میں لاکھوں افراد نے سڑکوں پر نکل کر جنگ کے خلاف آواز بلند کی۔ رپورٹس کے مطابق یہ مظاہرے ملک بھر میں پھیل گئے اور عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
اطلاعات کے مطابق نیویارک سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 70 لاکھ افراد نے ان مظاہروں میں شرکت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کے تین ہزار سے زائد شہروں میں یہ احتجاج ریکارڈ کیا گیا، جسے حالیہ تاریخ کے بڑے عوامی مظاہروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
مظاہرین کی جانب سے حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی گئی اور نعرے بازی کے ذریعے جنگی فیصلوں کی مخالفت کی گئی۔ کئی مظاہرین نے موجودہ قیادت کو آمرانہ طرز حکمرانی کا ذمہ دار قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جنگی پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے۔
رپورٹس کے مطابق یہ مظاہرے صرف امریکا تک محدود نہیں رہے بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں بھی لوگوں نے سڑکوں پر آ کر یکجہتی کا اظہار کیا۔ مبصرین کے مطابق یہ عوامی ردعمل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جنگی فیصلوں کے خلاف عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستان امن کی سفارتی کوششوں کا مرکز، اسلام آباد میں چار فریقی اہم اجلاس














