کراچی(اے بی این نیوز) پاکستان بھر میں آج ’’ارتھ آور‘‘ منایا جا رہا ہے جس کا مقصد توانائی کے کم استعمال اور ماحول کے تحفظ سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رات ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 9 بجے تک غیر ضروری بجلی کا استعمال بند کر کے زمین سے محبت کا عملی مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہری صرف انتہائی ضروری بتیاں اور آلات استعمال کریں تاکہ توانائی کے ضیاع کو کم کیا جا سکے اور ماحولیات پر مثبت اثرات مرتب ہوں۔مراد علی شاہ کے مطابق ارتھ آور جیسے اقدامات سے لوگوں میں شعور بیدار ہوتا ہے اور توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال کی ترغیب ملتی ہے، جو ماحولیاتی بہتری کیلئے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی تمام سرکاری عمارتوں اور دفاتر میں بھی ارتھ آور منایا جائے گا اور ایک گھنٹے کیلئے غیر ضروری روشنیاں بند رکھی جائیں گی۔
مزید پڑھیں :آزاد کشمیر میں آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات ہر صورت بروقت ہوں گے، چیف الیکشن کمشن















