اسلام آباد(اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات اور ساکھ متاثر کرنے کے مقدمہ کی سماعت ہوئی، سول جج عباس شاہ نے سہیل آفریدی کےخلاف درج مقدمہ کی سماعت کی۔
عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عدالت پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے ناراضی کا اظہار کیا، عدالت نے عدم حاضری پر سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا اور کیس کی مزید سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کےخلاف ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات اور ساکھ متاثر کرنے کے مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے درج کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 9 مارچ کو بھی اسی مقدمہ میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عدالت پیش نہیں ہوئے تھے جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ وارنٹ کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے۔
بعدازاں عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف کیس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی تھی لیکن عدالتی طلبی کے باوجود سہیل آفریدی عدالت پیش نہیں ہوئے۔
مزید پڑھیں۔شادی کی تقریب میں فائرنگ کرنے پر پولیس نے دلہن کو گرفتار لیا















