اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کی سفارتکاری پر اب بھروسہ نہیں رہا اور دونوں ممالک کے درمیان کسی بھی قسم کی بات چیت جاری نہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جس انداز میں موجودہ جنگی صورتحال شروع ہوئی، اس کے بعد مذاکرات کے دعووں کو قابل اعتبار سمجھنا مشکل ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کو امریکی سفارتکاری کا ماضی میں تلخ تجربہ ہو چکا ہے اور اسی لیے واضح کیا جا چکا ہے کہ اس وقت ایران اور امریکا کے درمیان نہ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں اور نہ ہی کوئی رابطہ جاری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کے مثبت کردار اور نیک نیتی پر یقین رکھتا ہے، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی مختلف ممالک کے سفارتکاروں سے رابطے میں ہیں تاکہ صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں موجودہ حالات کے پیش نظر مخصوص اقدامات نافذ کیے گئے ہیں اور جو ممالک اس تنازع میں شامل نہیں وہ پیشگی رابطے کے بعد اس راستے سے گزر سکتے ہیں، جبکہ جہازوں سے معمول کے مطابق فیس بھی وصول کی جائے گی۔
اس سے قبل ایرانی فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بھی کہا تھا کہ امریکا اندرونی اختلافات کا شکار ہے اور اس کی پالیسیوں میں تضاد پایا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں :حج 2026 کے لیے پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا














