راولپنڈی(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہر کی سب سے بڑی اور قدیمی جامع مسجد کی مکمل اپ گریڈیشن کا حکم دے دیا ہے، جس کے تحت مسجد کی مرمت، تزئین و آرائش اور سکیورٹی کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سینیئر پارلیمنٹیرین طاہرہ اورنگزیب، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے راولپنڈی کی تاریخی مرکزی جامعہ مسجد حنفیہ اور مدرسہ انوار مصطفی ﷺ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مسجد کے خطیب اور دیگر ذمہ داران نے حکومتی وفد کو مسجد کی موجودہ صورتحال اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے موقع پر ہی مسجد کی مرمت اور تزئین نو کے لیے متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے مسجد کے شکستہ فرش، چار دیواری اور دیگر حصوں کا جائزہ لیا اور جلد از جلد بحالی کا عمل مکمل کرنے پر زور دیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اللہ کے گھروں کی تعمیر، توسیع اور مرمت پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامع مسجد راولپنڈی کی قدیم ترین تاریخی مسجد ہے، جس کا تحفظ دراصل شہر کے تاریخی ورثے کی حفاظت بھی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مساجد ہماری تاریخ، ثقافت اور روشن روایات کا اہم حصہ ہیں، اور ان کی حفاظت، بہتری اور توسیع حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مسجد کے لیے جامع سکیورٹی پلان بھی طلب کر لیا ہے تاکہ نمازیوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔




مزیدپڑھیں:پنجاب میں عید کے بعد مارکیٹوں کے پرانے اوقات کار بحال، 10 بجے بند ہوں گی















