واشنگٹن (اے بی این نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری فوجی آپریشنز کو ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے کیونکہ امریکا اپنے اہداف کے حصول کے قریب پہنچ چکا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کی میزائل صلاحیت، لانچرز اور دفاعی صنعتی ڈھانچے کو نشانہ بنانا اہم حکمت عملی کا حصہ رہا ہے، جبکہ ایران کی بحری اور فضائی طاقت کو کمزور کرنا بھی ان مقاصد میں شامل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو جوہری صلاحیت حاصل کرنے کے قریب نہیں آنے دے گا اور کسی بھی خطرے کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے امریکا اپنے اتحادی ممالک کے تحفظ کو بھی یقینی بنا رہا ہے۔
امریکی صدر نے اسرائیل، سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کی سیکیورٹی امریکا کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کی حفاظت کو بھی نہایت اہم قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا اپنے اتحادیوں کی مدد جاری رکھے گا، تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ صورتحال زیادہ پیچیدہ نہیں اور اہداف حاصل ہونے کے بعد حالات پر قابو پا لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :روس نے کھل کر ایران کی حمایت کا اعلان کر دیا















