سکھر (اے بی این نیوز )سکھر کے کندھرا تھانے کی حدود میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں گھر میں گھس کر فائرنگ کے نتیجے میں چار بھائی جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ واقعہ انور پور محلے میں پیش آیا اور ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم اور مقتولین آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں۔ حملے کے فوری بعد ملزم فرار ہو گیا۔
پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور امدادی ٹیموں کی مدد سے جاں بحق ہونے والے بھائیوں کی لاشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمی بھائی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ فرار ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی سکھر سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے تحقیقات کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ آئی جی سندھ نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی اور سکیورٹی تعاون فراہم کرنے اور عید کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے گشت اور انٹیلیجنس اقدامات کو مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
مزید پڑھیں :مٹی کا تیل مہنگا کر دیا گیا،قیمت میں ہوشربا اضافہ















