اورکزئی(نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پولیس اور مسلح گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ سنٹرل اورکزئی کے تھانہ مشتی کی حدود میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہلاک دہشتگرد کی لاش کو ضابطہ کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی دسوار علی کے مطابق واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن تیز کر دیا ہے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔















