اہم خبریں

پی ٹی آئی ڈیل کیلئے تیار ہے لیکن سیاست کیلئے نہیں، رانا ثنااللہ

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان پر جنگ مسلط نہیں کرنا چاہتا، افغانستان سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے،پی ٹی آئی ڈیل کیلئے تیار ہے لیکن سیاست کیلئے نہیں۔

مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو پوری دنیا میں اہم مقام حاصل ہے، پاکستان نےایران پرہونے والی جارحیت کی واضح مذمت کی، پاکستان نےسپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پراظہارافسوس کیا، پاکستان کی قیادت نے ہرجگہ حق اورسچ کا مؤقف اختیار کیا، پاکستان اس وقت عالم اسلام میں اتفاق،امیداوراتحاد کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان دوحہ معاہدے کا پابند ہے، پاکستان افغانستان پرجنگ مسلط نہیں کرنا چاہتا، پاکستان افغانستان کے کسی حصے پر قبضہ نہیں کرنا چاہتا، افغانستان اپنی سرزمین کوپاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، پاکستان کا جائزمطالبہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن غضب للحق دہشتگردی کے خلاف کیا جارہا ہے، آپریشن غضب للحق ایک انٹیلی جنس آپریشن ہے، افغانستان میں دہشتگردوں کو ٹریننگ دی جاتی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 9مئی ہم تو نہیں کیا تھا، 9مئی کی سزائیں عدالتوں سے مل رہی ہیں، ملکی دفاعی اداروں پر حملے کیے گئے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز آپ کے سامنے ہیں، 190ملین پاؤنڈ کیس سے سب واقف ہیں، جن کو 9مئی کی سزائیں ہوئیں وہ اپیل کا حق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے کہ کہ دنیا میں کوئی بات ہوتی ہے تویہاں جلاؤ،گھیراؤ کیا جاتا ہے، یہاں مال روڈ کوبند کرکے جلاؤ گھیراؤ شروع کردیا جاتا ہے، یہ کوئی طریقہ نہیں کہ اپنی ہی عمارتوں کو جلانا شروع کردیں، کیا کبھی ایسا ہوا ہے، پاکستان میں کوئی واقعہ ہوا ہواوردنیا کے کسی اورملک میں احتجاج ہو، سعودی عرب سے جودفاعی معاہدہ ہوا ہم اس کے پابند ہیں۔

ان کا یہ کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت پی ٹی آئی کی ہے، پی ٹی آئی قومی مفاد پرسیاسی اورگروہی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے، دہشتگردی صرف مسلم لیگ ن کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے خلاف ہورہی ہے، پی ٹی آئی ہمارا ساتھ بے شک نہ دے لیکن پاکستان کا ساتھ ضروردے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، کچھ لوگ کہتے ہیں ہم ڈٹ کرکھڑے ہیں، یہ ڈیل کیلئے تیار ہیں لیکن سیاسی ڈائیلاگ کیلئے نہیں، اب ان سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں۔جنگ کا 22 واں روز: ایران میں امریکی اسرائیلی جارحیت کے سائے میں عید منائی جا رہی ہے

متعلقہ خبریں