تہران ( اے بی این نیوز ) ایران نے امریکی اور اسرائیلی تنصیبات پر مزید حملے کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو نئی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ حملوں کے نتیجے میں تل ابیب میں زور دار دھماکے سنے گئے، میزائلوں کے ٹکڑے گرنے سے آگ بھڑک اٹھی اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق حیفہ اور اشدود کی آئل ریفائنریز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ کویت کی مناء الاحمدی ریفائنری پر ڈرون حملوں کے بعد آگ لگ گئی جس کے باعث کئی یونٹس عارضی طور پر بند کر دیے گئے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے ڈرونز مار گرانے اور بحرین نے میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ بغداد اور اربیل میں بھی ڈرون حملوں کی اطلاعات ہیں جہاں امریکی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے خطے میں امریکی افواج کے ٹھکانوں، ریڈار سسٹمز اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا ہے، جس کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔
مزید پڑھیں :چیک ریپبلک میں اسرائیلی اسلحہ ساز فیکٹری میں آگ لگا دی گئی















