پراگ( اے بی این نیوز ) یورپی ملک چیک ریپبلک میں اسرائیلی اسلحہ سے منسلک فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد سیکیورٹی ادارے متحرک ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دارالحکومت پراگ کے مشرق میں واقع تنصیب میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے متعدد عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
رپورٹس کے مطابق ایک گروپ نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی اسلحہ نیٹ ورک کو نشانہ بنایا، جبکہ اس فیکٹری کا تعلق ایلبٹ سسٹمز سے بتایا جا رہا ہے جو اسرائیلی فوج کو زمینی اور فضائی ہتھیار فراہم کرتی ہے اور ڈرونز بنانے کے منصوبوں میں بھی شامل رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ کے باعث ایک اور عمارت بھی متاثر ہوئی تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا یہ واقعہ تخریب کاری کا نتیجہ ہے یا کوئی اور وجہ سامنے آتی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں ایک نیوکلیئر آبدوز بیس میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک مرد اور ایک خاتون کو حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق دونوں افراد کی عمریں 34 اور 31 سال ہیں جبکہ ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں :ایران کا اسرائیل کے اہم ہوائی اڈے بن گوریان ایئرپورٹ پر حملہ، ایئرفورس کے ری فیولنگ طیاروں کو ہدف بنایا گیا















