اسلام آباد (اے بی این نیوز ) پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا گیا ہے اور اب کل بروز ہفتہ عیدالفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس خبر کے بعد شہریوں میں خوشی کی فضا قائم ہو گئی ہے اور بازاروں میں آخری لمحات کی خریداری کا رش بڑھ گیا ہے۔ پاکستان کے ساتھ ساتھ سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا، بنگلا دیش، سری لنکا، عمان اور بھارت میں بھی عیدالفطر 21 مارچ کو ہی منائی جائے گی، جبکہ سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں آج عید منائی جا رہی ہے۔
سیاسی و حکومتی شخصیات بھی مختلف شہروں میں عید منائیں گی۔ نواز شریف اور مریم نواز رائیونڈ میں عید کریں گے جبکہ شہباز شریف لاہور میں نمازِ عید ادا کریں گے۔ اسی طرح حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور عطا تارڑ بھی لاہور میں عید منائیں گے۔دیگر رہنماؤں میں رانا ثنااللہ فیصل آباد، خواجہ آصف سیالکوٹ جبکہ گورنر پنجاب لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں نمازِ عید ادا کریں گے۔ ملک احمد خان کھڈیاں خاص میں عید منائیں گے۔مزید برآں چودھری شجاعت، پرویز الہیٰ، سالک حسین اور شافع حسین گجرات میں عید منائیں گے، جبکہ خواجہ سعد رفیق، مجتبیٰ شجاع اور علی پرویز ملک لاہور میں نمازِ عید ادا کریں گے۔
خیبرپختونخوا میں سہیل آفریدی اپنے آبائی علاقے باڑہ میں عید منائیں گے جبکہ فیصل کریم کنڈی ڈیرہ اسماعیل خان میں نمازِ عید ادا کریں گے۔ بابر سلیم سواتی مانسہرہ جبکہ ایس ایم عتیق شاہ چارسدہ میں عید منائیں گے۔سیاسی رہنماؤں میں بیرسٹر گوہر بونیر، پرویز خٹک نوشہرہ، مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان، ڈاکٹر عباد اللہ شانگلہ، ایمل ولی خان اور آفتاب شیر پاؤ چارسدہ میں عید کی نماز ادا کریں گے۔ملک بھر میں مساجد، عیدگاہوں اور گھروں میں عید کی تیاریاں عروج پر ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی مبارکبادوں اور خوشی کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں :پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ تبدیلی، وزیر اعظم کچھ ہی دیر میں قوم سے خطاب کریں گے















