تہران (اے بی این نیوز )ایران میں جاری کشیدگی کے دوران سپریم قیادت کی جانب سے قوم کے نام اہم پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں حوصلہ، اتحاد اور مزاحمت پر زور دیا گیا۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم نے مشکل حالات کے باوجود عبادات اور جدوجہد کو ایک ساتھ جاری رکھا، جو استقامت کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے ملک کی قیادت، صدر اور دیگر حکام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر چیلنجز کا سامنا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی جانب سے خوف اور مایوسی پھیلانے کی کوشش کی گئی، لیکن وہ اپنے مقاصد میں ناکام رہا۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ اللہ کے فضل سے دشمن کمزور ہو چکا ہے اور قوم کا اتحاد اسے مزید جھکنے پر مجبور کر دے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں سب سے زیادہ ضرورت قومی یکجہتی کی ہے تاکہ ہر محاذ پر مضبوطی کے ساتھ مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران قوم نے فوجی اور سکیورٹی نوعیت کے بڑے چیلنجز کا ڈٹ کر سامنا کیا اور ہر مرحلے پر ثابت قدمی دکھائی۔ ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی خواہش بھی برقرار ہے۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم کے درمیان اتحاد مزید مضبوط ہوگا اور مخالفین کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں صبر، حوصلہ اور یکجہتی ہی کامیابی کی ضمانت ہیں۔
مزید پڑھیں :پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،جا نئے کتنا مہنگی ہونے جا رہی ہیں















