اسلام آباد ( اے بی این نیوز) ملک بھر میں موسم نے اچانک کروٹ لے لی ہے اور محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے بعد شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اور اس کے گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری اور گلیات سمیت بالائی علاقوں میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ بارش کی نوید سنائی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں صورتحال زیادہ حساس بتائی جا رہی ہے جہاں آج بھی تیز آندھی، گرج چمک اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی شدید آندھی اور بارش کے باعث مختلف حادثات پیش آئے جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی سامنے آئی ہے۔ خیبرپختونخوا اور بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا سلسلہ بھی جاری رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسمی نظام 21 مارچ تک برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ ایک اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ 24 سے 27 مارچ کے دوران دوبارہ بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔
مزید پڑھیں :امریکہ کا ایف 35 جنگی طیارہ نشانہ بنایا ہے،ایران کا دعویٰ















