اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) آج شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں اور رمضان المبارک 30 روزوں پر مشتمل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سپارکو نے واضح کیا ہے کہ شوال المکرم کا آغاز ہفتہ 21 مارچ 2026 سے ہونے کا قوی امکان ہے۔
شوال کا چاند آج صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوا، تاہم غروب آفتاب کے وقت اس کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 13 گھنٹوں سے کم رہے گی، جو رویت کے لیے ناکافی سمجھی جاتی ہے۔ فلکیاتی اصولوں کے مطابق دوربین کے ذریعے چاند دیکھنے کے لیے کم از کم ساڑھے 14 گھنٹے عمر ضروری ہوتی ہے، جبکہ انسانی آنکھ سے واضح رویت کے لیے 22 سے 24 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ واضح اور قابلِ اعتماد رویت کے لیے 24 سے 30 گھنٹے کا وقت زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے، جبکہ آج کے حالات میں یہ دورانیہ دستیاب نہیں ہوگا۔ اسی طرح غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان وقت بھی کم ہے، جو چاند نظر آنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد اور کراچی میں یہ فرق تقریباً 26 منٹ، لاہور میں 21 منٹ جبکہ پشاور میں 30 منٹ ہوگا، جبکہ ماہرین کے مطابق چاند کی رویت کے لیے کم از کم 40 منٹ کا فرق ضروری ہوتا ہے۔ ان تمام عوامل کی بنیاد پر آج چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر قرار دیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :امریکی سفارتخانہ کی امریکیوں کو سعودی عرب چھوڑنے کی ہدایت















