واشنگٹن ( اے بی این نیوز ) ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے سیاحتی اور کاروباری ویزوں کے حوالے سے نیا سخت فیصلہ کرتے ہوئے مزید 50 ممالک کے شہریوں کیلئے 15 ہزار ڈالر تک کا ضمانتی بانڈ لازمی قرار دینے کا اعلان کر دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرحدی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا اور ایسے افراد کو روکنا ہے جو ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی امریکا میں قیام کرتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نئی پالیسی کے ذریعے اووراسٹے کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ذرائع کے مطابق اس سے پہلے بھی 38 ممالک کے شہریوں پر ضمانتی بانڈ کی شرط لاگو تھی، تاہم اب اس دائرہ کار کو مزید بڑھاتے ہوئے 50 نئے ممالک کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت ان ممالک کے شہریوں کو ویزا حاصل کرنے کیلئے 15 ہزار ڈالر بطور ضمانت جمع کروانا ہوں گے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر ویزا ہولڈر مقررہ مدت کے اندر امریکا سے واپس چلا جاتا ہے اور تمام شرائط پر عمل کرتا ہے تو جمع کروائی گئی رقم مکمل طور پر واپس کر دی جائے گی۔ تاہم خلاف ورزی کی صورت میں یہ رقم ضبط کی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں :ایران کا اسرائیل پر بڑا حملہ، جدید میزائلوں کی بارش،ہر طرف آگ ہی آگ اور تباہی















