لاہور ( اے بی این نیوز ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے نئے الرٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 17 مارچ سے 20 مارچ کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجرانوالہ میں بارشیں متوقع ہیں۔ اسی طرح حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور چنیوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
18 اور 19 مارچ کو بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یارخان میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کے مطابق پیشگی اقدامات کریں اور سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک نیا موسمی نظام آئندہ دو روز میں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے اثرات پہلے شمالی اور بالائی علاقوں میں ظاہر ہوں گے اور بعد میں باقی علاقوں تک پھیل سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ موسم میں خنکی بڑھے گی اور گرمی کی شدت میں وقتی کمی آئے گی، تاہم بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت گرنے اور بجلی کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
مزید پڑھیں :5000 روپے کیش عیدی حا صل کریں ، جانئےاپلائی کرنے کا طریقہ















