اہم خبریں

نوسر بازوں سے ہوشیار! پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کر دیا

لاہور ( اے بی این نیوز     ) پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے عوام کو ای چالان کے نام پر ہونے والے ایک نئے فراڈ سے خبردار کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق جعلساز شہریوں کو جعلی ایس ایم ایس بھیج کر ان سے رقم اور بینک معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کچھ عناصر مختلف موبائل نمبروں سے ایسے پیغامات بھیج رہے ہیں جن میں ای چالان کا ذکر کیا جاتا ہے اور ساتھ جعلی لنکس بھی شامل ہوتے ہیں۔ ان لنکس کے ذریعے شہریوں کو دھوکا دے کر ان کی بینکنگ معلومات حاصل کی جاتی ہیں یا غیر قانونی طور پر رقم نکالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

اصل ای چالان سے متعلق پیغامات صرف سرکاری نمبر 9915 سے بھیجے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری ایس ایم ایس میں کسی قسم کا لنک شامل نہیں ہوتا اور نہ ہی شہریوں کو آن لائن ادائیگی کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی پیغام میں 9915 کے نام پر لنک دیا گیا ہو یا بینک اکاؤنٹ، اے ٹی ایم کارڈ یا دیگر مالی معلومات طلب کی جائیں تو شہری فوراً محتاط ہو جائیں کیونکہ ادارہ کبھی بھی ایس ایم ایس کے ذریعے بینکنگ معلومات یا آن لائن ادائیگی نہیں مانگتا۔

ای چالان کی تصدیق صرف سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کی جا سکتی ہے جبکہ ادائیگی ای پے پنجاب موبائل ایپ کے ذریعے پی ایس آئی ڈی نمبر بنا کر کی جاتی ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک صورت حال میں ہنگامی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر کے آپشن 6 منتخب کر سکتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جعلی ویب سائٹس بنانے اور ادارے کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔ ادارہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے جعلسازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کر رہا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔

مزید پڑھیں :5000 روپے کیش عیدی حا صل کریں ، جانئےاپلائی کرنے کا طریقہ

متعلقہ خبریں