اہم خبریں

عید کی آمد،مارکیٹ میں نئے اور جعلی نوٹوں کا غیر قانونی دھندا عروج پر،کو ئی پرسان حال نہیں

راولپنڈی (اے بی این نیوز   )عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی نئے کرنسی نوٹوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی جڑواں شہروں میں نئے نوٹوں کی غیر قانونی فروخت کا کاروبار بھی ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے جس سے شہریوں کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اور مارکیٹ میں اس وقت ایک ہزار،پانچ سو اور پانچ ہزار کے جعلی نوٹ بھی گردش ک رہے ہیں اور سادہ لو شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف مصروف تجارتی مراکز میں نئے کرنسی نوٹوں کے عارضی سٹالز قائم کیے گئے ہیں جہاں نوٹوں کے بنڈل کھلے عام فروخت کیے جا رہے ہیں۔ خاص طور پر راجہ بازار، صدر اور کمرشل مارکیٹ کے علاقوں میں گاڑیوں اور سڑک کنارے لگائے گئے سٹالز پر لوگوں کی بڑی تعداد نئے نوٹ خریدنے کے لیے آتی دکھائی دے رہی ہے، جبکہ فروخت کرنے والے ہر بنڈل پر بھاری کمیشن وصول کر رہے ہیں۔

مارکیٹ میں دس روپے کے نئے نوٹوں کا ایک ہزار روپے مالیت کا بنڈل پندرہ سو روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جس کا مطلب ہے کہ خریداروں سے پانچ سو روپے اضافی لیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح بیس روپے کے نئے نوٹوں کا دو ہزار روپے مالیت کا بنڈل چھبیس سو روپے تک فروخت ہو رہا ہے اور اس پر چھ سو روپے زائد وصول کیے جا رہے ہیں۔

اسی طرح پچاس روپے کے بیس نئے نوٹ جن کی اصل مالیت ایک ہزار روپے بنتی ہے انہیں تیرہ سو روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ جبکہ سو روپے کے صرف دس نئے نوٹوں کے لیے بھی چودہ سو روپے تک طلب کیے جا رہے ہیں جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر بچوں اور عزیز و اقارب کو عیدی دینے کی روایت کے باعث نئے نوٹوں کی طلب بڑھ جاتی ہے۔ تاہم بینکوں میں محدود فراہمی اور نئے نوٹ حاصل کرنے کے پیچیدہ عمل کی وجہ سے بہت سے لوگ مجبوری کے تحت پرائیویٹ ڈیلرز سے مہنگے داموں نوٹ خریدنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام اور اسٹیٹ بینک سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بینکوں میں نئے نوٹوں کی فراہمی کو بہتر اور آسان بنا دیا جائے تو بلیک مارکیٹ میں ہونے والی اس غیر قانونی فروخت کو روکا جا سکتا ہے۔

شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عیدالفطر کے موقع پر عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کی مناسب اور آسان فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ لوگ غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہ رہیں اور عید کی خوشیاں سکون سے منا سکیں۔

مزید پڑھیں :ایران کے بجلی گھروں کو ایک گھنٹے کے اندر تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ٹرمپ

متعلقہ خبریں