اسلام آباد (اے بی این نیوز )کوئٹہ میں محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بلوچستان میں کل سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں موسم تبدیل ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت، پشین، چمن اور ژوب سمیت کئی اضلاع میں بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ خضدار، آواران، لسبیلہ اور سبی میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ اسی طرح گوادر، کیچ، چاغی اور پنجگور کے چند علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ زیارت اور اس کے گردونواح میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ شمالی اضلاع میں تیز اور جھکڑ والی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جبکہ بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
مزید پڑھیں :یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کیلئے خوشخبری،معاوضہ پیکیج کی ادائیگی شروع















