اسلام آباد (اے بی این نیوز)وفاقی حکومت نے مٹی کے تیل کے بعد لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت کے اعلان کے مطابق لائٹ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 67 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 302 روپے 52 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔
علاوہ ازیں حکومت نے جہازوں میں استعمال ہونے والے فیول کی قیمت میں بھی 13 فیصد اضافہ کیا ہے، جس کے بعد جیٹ فیول کی قیمت 45 روپے 73 پیسے اضافے کے ساتھ 388 روپے ایک پیسہ فی لٹر ہو گئی ہے۔ اس اقدام کے بعد ملک بھر میں فضائی کرایوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت میں 39 روپے 20 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 358 روپے ایک پیسہ فی لٹر مقرر کی گئی۔ وزارت توانائی کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر عائد لیوی برقرار رکھی گئی ہے، پیٹرول پر 105 روپے 37 پیسے اور ڈیزل پر 55 روپے 24 پیسے فی لٹر لیوی برقرار ہے۔
حکام نے بتایا کہ موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو وقتی ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں براہِ راست اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ سبسڈی کے ذریعے قیمتوں کو مستحکم رکھا جائے گا۔ وزارت توانائی کے مطابق حکومت نے 14 مارچ سے 20 مارچ تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے لیے 23 ارب روپے کی سبسڈی جاری کی ہے، جس میں پیٹرول پر فی لیٹر 49 روپے 63 پیسے اور ڈیزل پر 75 روپے 5 پیسے کی سبسڈی شامل ہے۔
مزید پڑھیں :ایران سےجنگ کب ختم ہو گی،امریکہ نے ڈیڈ لائن بتا دی،جا نئے تفصیل















