اہم خبریں

ملک بھر میں یومِ القدس عقیدت اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

اسلام آباد ( اے بی این نیوز     ) اسلام آباد میں آج پورے ملک کی طرح یومِ القدس عقیدت اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مختلف مذہبی اور سیاسی تنظیموں کی جانب سے امام بارگاہ اثناء عشریہ سے ڈی چوک کی جانب مرکزی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت علامہ ساجد نقوی، علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ جواد نقوی اور علامہ حسین مقدسی سمیت دیگر علماء کرام کر رہے ہیں۔

مرکزی ریلی میں شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت المسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، تحریک بیداری امت، جعفریہ اسٹوڈنٹس اور دیگر تنظیموں کے کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہیں۔ یومِ القدس امام خمینی کے اعلان کے مطابق رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو منایا جاتا ہے تاکہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔

ریلی کے دوران علماء کرام نے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور قربانی کے جذبے کو اجاگر کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ہمارا راستہ کربلا کا راستہ ہے، ہم ظلم کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتے اور مظلوم فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکمران چاہیں تو کنٹینرز لگا کر راستہ روکیں، ہم پرامن اور مہذب شہری ہیں جو قربانیاں دینے کے لیے تیار ہیں۔

علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے خطاب میں کہا کہ یومِ القدس مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور ظالم سے نفرت کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملی طور پر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہونے والا واحد ملک ایران ہے، اور جو بھی ٹرمپ یا نیتن یاہو کا ساتھ دے گا وہ فلسطینیوں کے خلاف جرم کا مرتکب ہوگا۔ ان کے مطابق قدس کی آزادی قریب ہے اور اسرائیل و امریکہ کا انجام بھی نزدیک ہے۔

ریلی میں علامہ اقبال احمد علی، علامہ اشفاق وحیدی، آغا شفاء نجفی، علامہ اصغر عسکری، ناصر شیرازی، رکن قومی اسمبلی حمید حسین، جے ایس او کے رہنما ہادی نورانی، اثناء عشریہ ٹرسٹ کے چیئرمین امجد علوی اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں :حیران کن ،جنگ کے دوران ایران کے صدر عوام میں پہنچ گئے،زبردست پذیرائی،فلک شگاف نعرے

متعلقہ خبریں