اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) محکمہ موسمیات نے عیدالفطر سے قبل اور عید کی چھٹیوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے جس کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دن کے بعد ایک نیا موسمی نظام پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے اثرات سب سے پہلے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں دیکھے جائیں گے۔ اس موسمی نظام کے تحت تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بارشوں کا یہ سلسلہ ابتدائی طور پر بالائی علاقوں سے شروع ہو کر بتدریج ملک کے دیگر حصوں تک پھیل سکتا ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر موسمی صورتحال خراب بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ممکنہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر وہ افراد جو عید کی چھٹیوں میں سیاحتی یا پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں وہ موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں :آج پٹرول پھر مہنگا،جا نئےفی لٹر کتنی قیمت ہو گی















