اہم خبریں

پٹرول بحران،عید کے بعد ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان

کراچی ( اے بی این نیوز     ) آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے عید کے بعد ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے جس کے باعث پیٹرول پمپس کی بندش اور ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ حکومت نے رات کے وقت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا اور پیٹرولیم لیوی میں 21 روپے اضافہ کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر فی لیٹر قیمت میں 55 روپے اضافے کے معاملے پر شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ واضح ہو سکے کہ باقی 36 روپے کس مد میں شامل کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کا وعدہ دو سال قبل کیا گیا تھا لیکن اب تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ ان کے مطابق تیل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے باعث پیٹرول پمپس مالکان کی لاگت بڑھ گئی ہے جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اس صورتحال سے اربوں روپے کا فائدہ پہنچا ہے۔

ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے حکومت کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شفاف تحقیقات نہ کی گئیں اور ڈیلرز کا مارجن نہ بڑھایا گیا تو 26 مارچ سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کر دی جائے گی۔ اس ممکنہ ہڑتال کے اعلان کے بعد عوامی حلقوں میں بھی خدشات بڑھ گئے ہیں کہ اگر پیٹرول پمپس بند ہوئے تو ٹرانسپورٹ اور روزمرہ سرگرمیاں شدید متاثر ہو سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں :خوشخبری،سونا ہزاروں روپے سستا،جا نئے فی تولہ نئی قیمت

متعلقہ خبریں