اہم خبریں

ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کے اوقات کار میں اہم تبدیلی،جا نئے تفصیل میں

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )حکومت کی کفایت شعاری اور فیول بچت پالیسی کے تحت ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کے اوقات کار میں اہم تبدیلی کر دی گئی ہے۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق اب عام پاسپورٹ دفاتر ہفتے میں چار دن کھلے رہیں گے اور شہریوں کو خدمات پیر سے جمعرات تک فراہم کی جائیں گی۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایندھن کے استعمال میں کمی لانا اور سرکاری اخراجات کو کم کرنا ہے تاکہ موجودہ معاشی صورتحال میں وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ نئے شیڈول کے تحت جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو عام پاسپورٹ دفاتر بند رہیں گے جبکہ شہریوں کو اپنی دستاویزات اور پاسپورٹ سے متعلق امور کے لیے پیر سے جمعرات کے دوران رجوع کرنا ہوگا۔

دوسری جانب وہ ریجنل پاسپورٹ دفاتر جو چوبیس گھنٹے کام کرتے ہیں، معمول کے مطابق اپنی خدمات جاری رکھیں گے تاکہ ہنگامی اور ضروری نوعیت کے معاملات متاثر نہ ہوں۔ اسی طرح اسلام آباد میں قائم آسان خدمت سینٹر میں شفٹ سسٹم بھی برقرار رکھا گیا ہے اور وہاں پہلے کی طرح مختلف اوقات میں شہریوں کو سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی۔

امیگریشن حکام کے مطابق نیا ورکنگ شیڈول ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے اور تمام دفاتر کو ہدایات دی گئی ہیں کہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

مزید پڑھیں :اسرائیلی وزیر اعظم کے سکینڈل بے نقاب،ہوشربا انکشافات،جا نئے تفصیل

متعلقہ خبریں