اہم خبریں

وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی دورے پر سعودی عرب روانہ، سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات کر ینگے

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )وزیراعظم محمد شہباز شریف ہنگامی نوعیت کے مختصر مگر اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ دورہ سعودی قیادت کی دعوت پر کیا جا رہا ہے اور اس دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے اس دورے کا بنیادی مقصد مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ اس دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے خصوصی ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سفارتی اور دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوگی۔

ملاقات میں خطے میں جاری کشیدگی، عالمی امن، توانائی کی صورتحال اور اسلامی ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات بھی زیر بحث آئیں گے۔ حکام کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے قریبی شراکت دار رہے ہیں۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے سے پاکستان کے سفارتی کردار کو مزید تقویت ملے گی اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کو بھی دہرا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے مواقع پر اعلیٰ سطحی سفارتی رابطے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مشترکہ حکمت عملی بنانے میں اہم ثابت ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں :عمران خان کو فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کر نے کی درخواست مسترد

متعلقہ خبریں