واشنگٹن (اے بی این نیوز) واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز کے قریب کارروائی کرتے ہوئے بارودی سرنگیں بچھانے والی سولہ ایرانی کشتیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی خطے میں بحری سلامتی کو یقینی بنانے اور عالمی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے کی گئی۔ امریکی فورسز خطے میں ایرانی حکومت کی سمندری صلاحیت کو محدود کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں تاکہ بین الاقوامی تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت محفوظ رہ سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم راستہ ہے اور یہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی فورسز نے چند گھنٹوں کے دوران بارودی سرنگیں بچھانے والی دس کشتیوں اور جہازوں کو تباہ کر دیا ہے۔ بعد ازاں امریکی فوجی حکام نے مزید کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں مزید کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کی تو مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے پہلے سے بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں تو انہیں فوری طور پر ہٹا دیا جائے، بصورت دیگر اس کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکی افواج وہی جدید ٹیکنالوجی اور میزائل صلاحیتیں استعمال کر رہی ہیں جو اس سے قبل منشیات اسمگلنگ میں ملوث کشتیوں کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کی جاتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں میں ہونے والی کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ امریکا خطے میں بحری راستوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کو تیار ہے۔















