ریاض ( اے بی این نیوز )سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور حالیہ حملوں کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری بیان میں سعودی کابینہ نے ایران کی جانب سے ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔سعودی کابینہ کے مطابق ایسے حملے نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ خلیجی اور دوست ممالک کی سلامتی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ کسی بھی خودمختار ریاست پر حملے بین الاقوامی قوانین اور عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ سعودی عرب کو اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مناسب جواب دینے کا مکمل حق حاصل ہے۔ کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مملکت اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے گی اور دفاعی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔سعودی کابینہ نے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے میں وزارت دفاع کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ حکام کے مطابق دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ نقصان کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اجلاس کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ علاقائی استحکام کے لیے عالمی برادری کو بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ سعودی قیادت نے کہا کہ امن اور استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
مزید پڑھیں :کرکٹ شائقین کیلئے بڑی خبر،قذافی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ،تجاویز طلب،آپ بھی مشورہ دے سکتے ہیں















