لاہور ( اے بی این نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ قذافی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد نئے نام کے لیے باقاعدہ طور پر تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق اسٹیڈیم کے نئے نام کے لیے دلچسپی رکھنے والے ادارے اور افراد اپنی تجاویز 24 مارچ تک جمع کرا سکتے ہیں۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ اس عمل کے ذریعے اسٹیڈیم کے لیے ایک نیا نام منتخب کیا جائے گا جو نیمنگ رائٹس کے تحت طے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی اس اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے لیے نیمنگ رائٹس کا منصوبہ سامنے آیا تھا۔ سنہ 2024 میں ایک نجی بینک کے ساتھ اس حوالے سے معاہدہ طے پانے کے قریب تھا، تاہم دونوں فریقوں کے درمیان مکمل اتفاق نہ ہونے کے باعث یہ منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔نئے منصوبے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ کو اسٹیڈیم کے نیمنگ رائٹس کی مد میں پانچ سال کے عرصے کے لیے تقریباً ایک ارب روپے حاصل ہونے کی توقع ہے۔ کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کرکٹ انفراسٹرکچر اور دیگر منصوبوں کے لیے مالی وسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
لاہور کا یہ تاریخی اسٹیڈیم پاکستان کرکٹ کی کئی یادگار سیریز اور بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے، اسی لیے اس کے نام کی تبدیلی کے فیصلے پر شائقین کی رائے بھی خاصی اہم سمجھی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں :امریکی قونصل خانے کے باہر فائرنگ، سکیورٹی ہائی الرٹ















