اہم خبریں

وزیر اعظم شہباز شریف کاایران کے نئے سپریم لیڈر کو مبارک باد کا پیغام

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی روابط کے تناظر میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے نئے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک اہم خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستانی عوام کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا پیغام بھی پہنچایا۔خط کے متن کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کے سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم اور بھاری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت کے تحت ایران امن، استحکام اور ترقی کی جانب مزید آگے بڑھے گا۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی خدمات کو مسلم دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کی قیادت نے ایران سمیت پورے خطے پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس مشکل گھڑی میں ایران کے برادر عوام اور پوری امت مسلمہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اعلیٰ درجات عطا فرمائے۔خط میں وزیر اعظم نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط مشترکہ ایمان، تاریخ، ثقافت اور زبان کے مضبوط رشتوں پر قائم ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

ان کے مطابق دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں حالات تیزی سے بدل رہے ہیں اور علاقائی سفارت کاری کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ چکی ہے۔ اس تناظر میں پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی رابطے کو خطے کے استحکام کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا پر بھی اس خط کے حوالے سے مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں جہاں صارفین پاکستان اور ایران کے تعلقات اور مسلم دنیا میں قیادت کی تبدیلی پر گفتگو کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں :تعلیمی اداروں میں 16 مارچ سے 31مارچ تک چھٹیوں کا اعلان

متعلقہ خبریں