اسلام آباد (اے بی این نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کی بچت اور موجودہ حالات کے پیش نظر ملک بھر کے تمام اسکولوں میں دو ہفتے کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ تمام اسکولوں کو رواں ہفتے کے آخر سے دو ہفتے کی چھٹیاں دی جا رہی ہیں جبکہ ہائر ایجوکیشن کے تمام اداروں میں آن لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم کے مطابق تیل کی بچت کے لیے ہفتے میں ایک اضافی چھٹی بھی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو ماہ کے لیے سرکاری محکموں کی گاڑیوں کے پیٹرول میں 50 فیصد کٹوتی کی جا رہی ہے تاہم ایمبولینس اور عوامی استعمال کی بسوں پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ دو ماہ کے لیے تمام سرکاری محکموں کی 60 فیصد گاڑیاں بند رکھی جائیں گی تاکہ ایندھن کی بچت ممکن ہو سکے۔ کابینہ کے وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی دو ماہ تک تنخواہیں نہیں لیں گے جبکہ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 25 فیصد کٹوتی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے وہ سرکاری افسران جن کی تنخواہ تین لاکھ روپے سے زائد ہے، ان کی دو دن کی تنخواہ عوامی ریلیف کے لیے استعمال کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے اضافی اخراجات میں 20 فیصد کمی کی جا رہی ہے جبکہ گاڑیوں، فرنیچر، ایئرکنڈیشنرز اور دیگر اشیا کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف قومی مفاد کے انتہائی ضروری دوروں کی اجازت دی جائے گی۔
مزید پڑھیں :امریکہ کی مسلمانوں کو مسلمانوں سے لڑانے کی کوشش نا کام،یو اے ای کا کڑا کے دار جواب















