اہم خبریں

خطے میں کشیدہ جنگی صورتحال،صوبے بھر میں قائم تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے فوری بند کر نے کا حکم آگیا

کوئٹہ (اے بی این نیوز) خطے میں کشیدہ جنگی صورتحال کے پیش نظر حکومتِ بلوچستان نے صوبے بھر میں قائم تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کوفوری طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق موجودہ علاقائی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد انتظامی تیاری کو یقینی بنانا اور عوام کو آمدورفت و ٹرانسپورٹ سے متعلق ممکنہ مشکلات سے بچانا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان بھر کے تمام تعلیمی ادارے 9 مارچ 2026 سے 23 مارچ 2026 تک بند رہیں گے۔ تاہم تعلیمی اداروں کی بندش کے باوجود بعض انتظامی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔محکمہ تعلیم کے مطابق جاری داخلہ مہم اور اسکولوں کی ڈیجیٹل مردم شماری کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا تاکہ تعلیمی نظام کے انتظامی معاملات متاثر نہ ہوں۔اسی طرح اگر کسی تعلیمی ادارے میں امتحانات پہلے سے شیڈول ہیں تو وہ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی منعقد کیے جائیں گے۔حکومت بلوچستان نے والدین، طلبہ اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں اور انتظامی اقدامات میں تعاون یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں :ظہران ممدانی کی رہائش گاہ کے باہر سے دھماکہ خیز ڈیوائس برآمد

متعلقہ خبریں