اہم خبریں

آزاد جموں و کشمیر کے صدارتی انتخاب سے متعلق اہم آئینی معاملہ ہائی کورٹ میں پہنچ گیا

اسلام آباد (رضوان عباسی )آزاد جموں و کشمیر کے صدارتی انتخاب سے متعلق اہم آئینی معاملہ ہائی کورٹ میں پہنچ گیا ہے۔ کشمیر کونسل کے رکن حنیف ملک نے آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ مظفرآباد میں آئین کے آرٹیکل 44 کے تحت رٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے صدارتی انتخاب کے طریقہ کار کو چیلنج کر دیا ہے۔درخواست گزار ممبر آزاد جموں و کشمیر کونسل حنیف ملک نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین 1974 میں کی گئی 13ویں آئینی ترمیم کے ذریعے صدر کے انتخاب کے الیکٹورل کالج میں غیر قانونی تبدیلی کی گئی۔ رٹ کے مطابق ترمیم سے قبل صدر کا انتخاب مشترکہ اجلاس کے ذریعے ہوتا تھا جس میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان، کشمیر کونسل کے منتخب ارکان اور کونسل سیکرٹریٹ کے وفاقی وزیر شامل ہوتے تھے، تاہم 2018 کی ترمیم کے بعد مشترکہ اجلاس کی جگہ صرف اسمبلی کو الیکٹورل کالج قرار دے دیا گیا۔حنف ملک کی جانب سے پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس ترمیم کے ذریعے کشمیر کونسل کے ارکان سے ووٹ کا حق ختم کر دیا گیا جو کہ آئین کے بنیادی ڈھانچے اور درخواست گزار کے بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ مذکورہ ترامیم نہ تو آزاد کشمیر حکومت نے تجویز کیں اور نہ ہی وفاقی حکومت کی باقاعدہ منظوری سے منظور ہوئیں، اس لیے انہیں غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جانا چاہیے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 2 اور 5 میں کی گئی متنازع ترامیم کو معطل کیا جائے اور آزاد کشمیر کے صدر کے انتخاب کے لیے موجودہ انتخابی عمل کو روک دیا جائے۔ مزید یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ 2018 میں وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کو ہدایت دی جائے کہ وہ 13ویں آئینی ترمیم کے اثرات سے متعلق اپنی رپورٹ جلد پیش کرے۔رٹ پٹیشن میں چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر، اسپیکر قانون ساز اسمبلی، آزاد کشمیر حکومت، وفاقی حکومت، کشمیر کونسل اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی ہے کہ اگر صدارتی انتخاب کا عمل شروع ہو چکا ہو تو اسے حتمی عدالتی فیصلے سے مشروط قرار دیا جائے۔قانونی ماہرین کے مطابق اس رٹ پٹیشن کے بعد آزاد کشمیر میں آئندہ صدارتی انتخاب کے شیڈول اور طریقہ کار پر اہم آئینی بحث کا آغاز ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں :ٹرمپ کی ایران کو پیشکش

متعلقہ خبریں