اسلام آباد (اے بی این نیوز ) خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ توانائی بحران کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے مؤثر استعمال کے لیے اہم فیصلے کر لیے ہیں۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ایندھن کے ذخائر، کھپت اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر خزانہ نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ اسٹاک اور طلب سے متعلق وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے خطے کی بدلتی صورتحال کے باعث ایندھن کے ذخائر کو محفوظ رکھنے اور کھپت کو منظم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات پر بھی بات کی۔
اجلاس میں سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی اداروں اور سروس فراہم کرنے والے اداروں کے ورکنگ دنوں میں کمی لانے کی تجویز دی گئی تاکہ ایندھن کی کھپت کو کم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں آن لائن یا ورچوئل تعلیم کے نظام کو فعال کرنے اور دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی متعارف کرانے کا پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے مطابق فوری ردعمل دیا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی ذخیرہ اور اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا تاکہ مصنوعی قلت کو روکا جا سکے اور عوام کو بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
مزید پڑھیں :ایران نے اسرائیل پر بڑ احملہ کر دیا، بیلسٹک میزائلوں ،ڈرونز کی بوچھاڑ،تل ابیب دھماکوں سے گونج اٹھا،ہرطرف آگ















