پشاور (اے بی این نیوز )پشاور میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبے میں گھروں کی سولرائزیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کے تحت اہل گھرانوں کو سولر سسٹمز کی فراہمی کے عمل کو جلد شروع کرنے کی ہدایات دی گئیں۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ منصوبے کے تحت ایک لاکھ 30 ہزار مستحق گھرانوں کو سولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔ پہلی کیٹیگری میں 65 ہزار گھرانوں کو مفت اور دوسری کیٹیگری میں آدھی قیمت پر یونٹس دیے جائیں گے۔ منصوبے کا پی سی ون تیار ہے اور اسے پی ڈی ڈبلیو پی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ضم اضلاع کے لیے بھی ایک علیحدہ سولرائزیشن منصوبے پر کام جاری ہے جسے صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ سولرائزیشن منصوبوں میں صوبے کے تمام اضلاع کو آبادی کے تناسب سے حصہ دیا جا رہا ہے اور بیوہ خواتین، خصوصی افراد، ٹی ڈی پیز اور آف گرڈ علاقوں کو ترجیح دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہدایت دی کہ سولر سسٹمز کی بروقت فراہمی کے لیے تمام تقاضے بلا تاخیر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مستحق آبادی کے گھروں کی سولرائزیشن عوام کو ریلیف دینے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں :نیا فلاحی پروگرام،رحمت کارڈ،جا نئے حصول کیلئے کیسے اپلائی کر نا ہے















